اوباما کی آب و ہوا پالیسی منسوخ ، ایگزیکٹو آرڈر پر ٹرمپ کے دستخط

واشنگٹن، 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اوباما انتظامیہ کے وقت میں موسمیاتی تبدیلی کو روکنے کے لئے جاری کی گئی پالیسیوں کو ختم کرنے والے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئے ہیں۔ٹرمپ کے اس ایگزیکٹو آرڈر کے تحت سابق صدر اوباما کے دور اقتدار کے دوران نافذ کی گئی تقریبا نصف درجن پالیسیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔اس سے حیاتیاتی ایندھن کے استعمال کو فروغ ملے گا۔اس حکم پر مہر لگاتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ حکومت کوئلے پر جاری جنگ کا اختتام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا، "آج کے ایگزیکٹو آرڈر کے ساتھ میں امریکی توانائی پر لگی پابندیوں، سرکاری روک ٹوک اور روزگار ختم کرنے والی پالیسیوں کے لئے ایک تاریخی قدم اٹھا رہا ہوں۔صنعتی دنیا نے ٹرمپ کے اس حکم کی تعریف کی ہے لیکن ماحولیاتی تحفظ گروپوں نے اس کی مذمت کی ہے ۔