واشنگٹن ۔ 19 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آئندہ ہفتہ صدر امریکہ براک اوباما ایشیائی ممالک کا پانچویں بار دورہ کرنے والے ہیں۔ دریں اثناء قومی سلامتی کے اعلیٰ سطحی مشیر نے کہا کہ دورے کے دوران ایشیائی ممالک میں امریکہ کے لئے نئی مارکیٹس ، برآمد کے شعبہ میں فروغ ، سلامتی کے مفاد کا تحفظ اور اُن ممالک کے ساتھ دیگر اقدار کو فروغ دینا صدر کی اولین ترجیح ہوگی ۔ امریکی قومی سلامتی مشیر سوسان رائس نے وائیٹ ہاؤس نیوز کانفرنس میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کم
و بیش آئندہ پانچ سال تک امریکہ کے لئے فروغ کے جن وسائل کو حاصل کیا جائیگا اُن میں سے نصف وسائل ایشیائی ممالک سے حاصل ہوں گے ۔ اوباما ملائیشیا ، فلپائن ، جاپان اور جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے جس کی قطعی ترتیب اس طرح ہے ۔ اوباما سب سے پہلے جاپان جائیں گے جس کے بعد جنوبی کوریا ، تیسرے نمبر پر ملائیشیا اور آخر میں فلپائن کا دورہ اُن کے پروگرام میں شامل ہے۔