واشنگٹن ۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے بحیثیت امریکی صدر آخری بار قومی کرسمس درخت کو روشن کیا اور یہ خواہش ظاہر کی کہ امریکی شہری اپنی روایت کے مطابق بدستور اپنی انسانیت نوازی کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور بھوکے، بیمار اور سماجی طور پر پسماندہ افراد کی جانب اس تعطیلاتی موسم کے دوران امداد کا ہاتھ بڑھائیں گے اور ایک دوسرے سے ایسا ہی سلوک کریں گے جن کے وہ مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کی آمد آمد ہے اور ایسے موقعوں پر جو بیانات دیئے جاتے ہیں وہ گھسے پٹے ہوتے ہیں۔ تاہم انسانیت نوازی کا درس دینا یا اس پر تبصرہ کرتے ہوئے دوسروں سے تعاون کی خواہش کرنا کبھی آؤٹ آف فیشن یا آؤٹ آف اسٹائیل نہیں ہوتا اور ہمیں اسی نوعیت کے پیغام کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے 8 سالہ دورحکومت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایک ایسا ملک ہے جس نے معاشی بحران، جنگوں اور قومی سانحوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔