واشنگٹن ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)امریکی صدر باراک اوباما نے ایران نیوکلیئر معاہدہ قطعی منظوری کے لیے کانگریس کو بھجوادیا ہے ، جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ اگر کانگریس نے معاہدہ منظور کیا تو وہ خودکشی کرلیں گے۔ معاہدے کا مسودہ محکمہ خارجہ نے کانگریس کو روانہ کیا۔کانگریس کے پاس معاہدے کا جائزہ لینے کے بعد اسے منظور یا مسترد کرنے کے لیے 60 دنوں کا وقت ہے ، معاہدے کی منظوری کے لیے اوباما انتظامیہ کانگریس کے زیادہ سے زیادہ ڈیموکریٹ ارکان کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ری پبلکنس کی سخت مخالفت کو ختم کیا جاسکے۔ ری پبلکن حلقے پہلے ہی معاہدے پر کڑی تنقید کر رہے ہیں اس سے قبل، صدر اوباما کہہ چکے ہیں کہ اگر کانگریس نے معاہدے کو مستردکیا تو وہ اسے ویٹو کردیں گے۔دوسری جانب، اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران سے عالمی طاقتوں کا نیوکلیئر معاہدہ ہر صورت روکیں گے۔اگر کانگریس نے معاہدے کی توثیق کی تو وہ خود کو جان سے مارلیں گے۔