واشنگٹن۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر بارک اوباما نے آج ایک مشہور و معروف ریستوراں میں اپنی 54 ویں سالگرہ منائی جہاں ان کے ساتھ خاتون اول اور کچھ قریبی دوست بھی تھے۔ روز لکژری ریستوراں جسے واشنگٹن کی مقبول ترین ہوٹل تصور کیا جاتا ہے۔ مشیل اوباما سیاہ و سفید رنگ کا اسکرٹ پہنے ہوئے تھیں۔ مشیل کے ساتھ ان کی سوتیلی بہن مایا سوئٹیرو اور ان کے شوہر کونراڈ، بھتیجی لیزلی رابنسن اور سینئر مشیر ویلیری جیریٹ موجود تھے۔ ڈنر میں کون کونسی ڈیشیس تھیں اس کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا۔ یاد رہے کہ منگل کے روز صدر اوباما 54 سال کے ہوگئے۔ وائٹ ہاؤز کے پریس سیکریٹری جوش ارنیسٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ کیمپ ڈیوڈ میں ہی اوباما نے عملاً اپنی سالگرہ تقاریب کا آغاز کردیا تھا۔ اوباما اپنے بیوی بچوں کے ساتھ سالانہ تعطیلات منانے مساچیوسیٹس کے دورہ کا منصوبہ بنارہے ہیں۔