اوباما اور ہلاری کو پسندیدہ شخصیات ہونے کا اعزاز

واشنگٹن ۔30 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں ایک بار پھر موجودہ صدر براک اوباما اور سابق وزیر خارجہ ہلاری کلنٹن کو مقبول ترین شخصیتیں قرار دیا گیاہے ۔گیالپ کے سالانہ پول میں دونوں ہی شخصیات کو انتہائی پسندیدہ قرار دیا گیا ہے اور اسطرح اس مقابلے میں انھوں نے بالترتیب پوپ فرانسس اور اوپرا ونفری کو پیچھے چھوڑ دیا ہے حالانکہ 2014 ء ڈیموکریٹس کیلئے ـکوئی خاص سال ثابت نہیں ہوا ۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اوباما نے پسندیدہ شخصیت ہونے کا اعزاز مسلسل ساتویں بار حاصل کیا ہے جبکہ ہلاری جو آئندہ صدارتی انتخابات میں اپنی اُمیدواری کا اعلان کرنے والی ہیں ، اُن کو گزشتہ 18 سال کے دوران مسلسل 17 بار پسندیدہ خاتون ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ۔

صرف ایک بار یعنی 2001 ء میں منعقد کئے گئے پول میں اُ س وقت کی خاتون اول لارا بش نے ہلاری کلنٹن پر سبقت حاصل کرلی تھی وہ پول 9/11 سانحہ کے بعد منعقد کئے گئے تھے ۔ ہلاری کے بعد جن خواتین کو انتہائی پسندیدہ شخصیت ہونے کا اعزاز حاصل ہوا اُن میں اوپرا ونفری ، ملالہ یوسف زئی ، کنڈولیزا رائس ، خاتون اول مشیل اوباما ، سارہ پالین ، انجلینا جولی ، کیٹ مڈلٹن شامل ہیں اور اس طرح مردوں کی فہرست میں پوپ فرانسس ، بل کلنٹن ، بل گراہم ، ڈاکٹر بین کارسین ، اسٹیفین ہاکنگ ، بل گیٹس ، بل اوریلی ، وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو حاصل ہوچکا ہے ۔