نئی دہلی 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما کے دورہ ہندوستان اور دہلی میں ٹھہرنے کے 6 مقامات کا جائزہ لینے والی ٹیم کو پتہ چلا ہے کہ یہاں کی آلودگی ہندوستانی سلامتی معیارات کے مطابق 3 گنا زیادہ ہے جبکہ یہ فضائی آلودگی عالمی تنظیم صحت کی حد سے 9 گنا زائد خطرناک ہے۔ یہ جائزہ کل این جی او گرین پیس انڈیا نے کروایا ہے۔ دہلی کے چھ مقامات جیسے راج گھاٹ اور حیدرآباد میں صدر بارک اوباما کے لئے قطعاً سازگار نہیں ہے۔ یہاں کی آلودگی عالمی معیار سے 9 گنا زیادہ ابتر ہے۔ سانس لینے کے لئے یہ ہوا ناقابل استعمال ہے۔ غیر صحت مند اور مضرت رساں آلودگی میں اوباما کے دورہ کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس سروے کرنے والے ادارہ نے صدر بارک اوباما کے دورہ کے مقامات کا معائنہ کیا اور یہاں کی آب و ہوا کا ایک ڈیوائس سے جائزہ لیا۔ اس ڈیوائس نے فضائی آلودگی کو خطرناک بتایا ہے۔ این جی او کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہم یہ پتہ چلانا چاہتے تھے کہ دہلی کی آب و ہوا صدر امریکہ بارک اوباما کے لئے کتنی مضر اور مفید ہے۔ اوباما دارالحکومت دہلی میں سانس لینے والے ہیں تو ان کی صحت کا خیال رکھا جارہا ہے۔ خنکی والے موسم کے باوجود فضائی آلودگی غیر صحت مندانہ اور ابتر پائی گئی ہے۔راج گھاٹ پر 229 مائیکرو گرام اور کیوبک میٹر آلودگی پائی گئی۔ این جی او نے یہ بھی کہاکہ دہلی کے عوام انتہائی ابتر ہوا کو اپنی سانسوں کے ذریعہ جسم میں داخل کررہے ہیں جو حفظان صحت کے یکسر مغائر ہے۔