اوباما، آئی ٹی سی میورکے انتظامات سے ازحد متاثر

نئی دہلی ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما کے 3 روزہ دورہ ہند کے دوران آئی ٹی سی میورہوٹل میں قیام تھا۔ ہوٹل نے اوباما اور ان کی اہلیہ میشل اوباما کی ہندوستان کے دوسری مرتبہ دورہ کرنے پر میزبانی کے فرائض انجام دیئے تھے۔ امریکی صدر اور ان کی اہلیہ خاتون اول میشل نے ہوٹل میورکے گرانڈ صدارتی سوٹ میں قیام کیا جس میں دو بیڈ رومس 12 نشستی ڈرائنگ روم، خانگی کلب اور ایک اسٹڈی روم شامل ہے۔ اوباما نے 25 جنوری کو آمد کے بعد سے ہوٹل کی جم کو روزانہ استعمال کیا۔ ذرائع نے کہا کہ صدر امریکہ کو ہوٹل کی چھت پر واقع یوروپی رسٹورنٹ سے غذا فراہم کی گئی۔ جب انہوں نے 26 جنوری کو ہند ۔ امریکہ سے تعلق رکھنے والے سی ای اوز سے بات چیت کی تھی، ان کے ساتھ طعام کرنے والوں نے اس موقع پر اپنے خیالات اور تجربات کا تبادلہ عمل میں لایا تھا۔ اس ڈنر کا اہتمام ہوٹل کے گرانڈ پریسیڈنشیل فلور پر ترتیب دیا گیا تھا۔ میشل اوباما نے مشہور بنجارہ کی ڈش کا تجربہ کیا اور مخصوص افراد کے ساتھ ایک خانگی ڈنر میں بھی شرکت کی۔ اوباما کے ڈنر میں بعض مرکزی وزراء جیسے وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی، برقی و کوئلہ کے وزیر پوئش گوئل، وزیر ماحولیات پرکاش جاوڈیکر اور وزیرکامرس و صنعت نرملا سیتارامن بھی شامل تھیں۔ صدر اوباما نے آئی ٹی سی میورکے اسٹاف سے ملاقات کے دوران انتظامات کی ستائش کی تھی۔