اواخر نومبر تک مراٹھا تحفظات، فڈنویس کا اعلان

مزید دو افراد کی خودکشی، تیقن کیلئے احتجاجی لیڈر کا مطالبہ
ممبئی 6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے گزشتہ روز ٹیلی ویژن پر نشر کردہ خطاب میں کہاکہ مراٹھا تحفظات پر حکومت مہاراشٹرا مثبت رجحان رکھتی ہے۔ اس دوران مراٹھا تحفظات کے احتجاجیوں نے دھولیہ کی بی جے پی رکن پارلیمنٹ حنا گاوٹ کی کار کو نقصان پہونچایا اور مختلف مقامات پر گڑبڑ و تشدد کے دوران تحفظات کے دو حامیوں نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ دیویندر فڈنویس نے کہاکہ ’’(تحفظات کے لئے) تمام قانونی ضابطوں کی اواخر نومبر تک تکمیل کرلی جائے گی‘‘۔ اُنھوں نے احتجاجیوں پر مذاکرات کے لئے آگے آنے پر زور دیا۔ احتجاجیوں کی ایک اہم تشویش پر جواب دیا کہ ریاست میں 36,000 جائیدادوں کو پُر کرنے بڑے پیمانے پر بھرتیوں کا عمل فی الحال روک دیا گیا ہے‘‘۔ جس کے جواب میں مراٹھا تحفظات احتجاج کی قیادت کرنے والے ابا صاحب پاٹل نے بیڑ میں کہاکہ ’’ان اعلانات سے ہمیں خوشی ہوئی ہے۔ لیکن ہمیشہ ہی ہمارا مطالبہ رہا ہے کہ تحریری تیقن دیا جائے۔ تمام احتجاجیوں کے خلاف درج مقدمات سے دستبرداری اختیار کی جائے۔