خواتین کو50فیصد تحفظات، دو مرحلوں میں منعقد کرنے منصوبہ کو قطعیت
حیدرآباد۔/2مارچ، ( سیاست نیوز) ریاست میں بہت جلد بلدی انتخابات کے انعقاد کا قوی امکان پایا جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بلدی انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ اور اس متوقع انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کی روشنی میں ماہِ مارچ کے اختتام یا آئندہ ماہ اپریل کے پہلے ہفتہ میں بلدی انتخابات منعقد کئے جاسکتے ہیں۔ ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق کی اطلاعات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ تحفظات کو بھی قطعیت دے دی گئی ہے۔ تمام تحفظات کے زمروں میں50 فیصد تحفظات خواتین کو فراہم کئے جارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی الیکشن کمیشن ریاست میں دو مرحلوں میں بلدی انتخابات منعقد کرنے کے انتظامات کرنے میں مصروف دکھائی دے رہاہے۔ بلدی انتخابات کیلئے سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں19میونسپل کارپوریشنس،158 بلدیات کے تحفظات کو قطعیت دیتے ہوئے ریاستی حکومت اپنے احکامات جاری کرچکی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ عدالت میں بعض مقدمات کے زیر التواء رہنے کی وجہ سے فی الوقت 19کے منجملہ 10میونسپل کارپوریشنس اور 158 کے منجملہ 145 بلدیات کے انتخابات کیلئے تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کو 2مایا 3مارچ کو تحفظات سے متعلقہ گزٹ متعلقہ عہدیداروں کی جانب سے حوالے کئے جائیں گے اور گزٹ کی وصولی کے اندرون 25تا30 یوم میں انتخابات مکمل کرنے کا ریاستی الیکشن کمیشن اظہار کرچکا ہے۔ علاوہ ازیں ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدی انتخابات کے تعلق سے آئندہ پانچ تا چھ یوم ( اندرون ہفتہ ) کے دوران امکانی بلدی انتخابات کیلئے دو مرحلوں میں پروگرام کو قطعیت دینے کی قوی توقع پائی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مجوزہ بلدی انتخابات پارٹی اساس یعنی پارٹی کے انتخابی نشان پر ہی منعقد ہوں گے اور آزاد امیدواروں کو علحدہ انتخابی نشان الاٹ کیا جائے گا۔ بلدی انتخابات میں بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشینس کا استعمال کیا جائے گا۔ جس کے پیش نظر الیکٹرانک ووٹنگ مشینس کو اکٹھا کرنے کے انتظامات بھی تیزی سے جاری ہیں۔