انیس الغربا کے تعمیری کاموں کیلئے 95 لاکھ روپئے جاری

فبروری تک کام کی تکمیل ، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم
حیدرآباد۔/25 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے انیس الغرباء کے تعمیری کاموں کیلئے 95 لاکھ روپئے کا چیک آر اینڈ بی عہدیداروں کے حوالہ کیا گیا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج چیف ایکزیکیٹو آفیسر شاہنواز قاسم کی موجودگی میں 95 لاکھ روپئے کا چیک ڈپٹی ایکزیکیٹو انجینئر ایم اے حفیظ اور کنٹراکٹر کے حوالے کیا۔ انیس الغرباء کے ہمہ منزلہ کامپلکس کی تعمیر کیلئے 20 کروڑ روپئے کا تخمینہ مقرر کیا گیا ہے۔ تعمیری کاموں کیلئے ابھی تک وقف بورڈ سے 2 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تعمیری کام کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور گزشتہ رمضان تک کاموںکی تکمیل کی ہدایت دی گئی تھی لیکن تعمیری کام میں تاخیر ہوئی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے حال ہی میں معائنہ کے موقع پر آر اینڈ بی عہدیداروں کو نومبر تک کاموں کی تکمیل کی ہدایت دی تھی لیکن موجودہ کام کی رفتار کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تعمیری کام فبروری یا مارچ تک جاری رہیں گے۔صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ G+7 کامپلکس میں 2 فلور کمرشیل سرگرمیوں کیلئے رہیں گے تاکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی انیس الغرباء کے انتظامات پر خرچ کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ انیس الغرباء ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد یتیم خانہ رہے گا جہاں لڑکے لڑکیوں کو مفت تعلیم کے علاوہ رہائش کی بہتر سہولت فراہم کی جائے گی۔