انیس الغرباء ہمہ منزلہ کامپلکس کا کام تیزی سے جاری

9 منزلہ عمارت کا منصوبہ ، دانا کشور اور شاہنواز قاسم نے معائنہ کیا
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جون (سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے آج انیس الغرباء کامپلکس کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا ۔ دونوں عہدیداروں نے نامپلی میں تعمیری سائیٹ پہنچ کر کنٹراکٹر اور آر اینڈ بی کے عہدیداروں سے بات چیت کی ۔ کامپلکس کی تکمیل کیلئے فروری 2019 ء کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ آر اینڈ بی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مقررہ مدت کے دوران کامپلکس کی تکمیل کو یقینی بنائے۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ ابتداء میں 20 کروڑ روپئے کی لاگت سے 6 منزلہ عمارت کی تجویز تھی لیکن اب 9 منزلہ عمارت کا پلان تیار کیا گیا ہے جس کے لئے تقریباً 40 کروڑ کی لاگت آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو سیلر اور گراؤنڈ فلور کے علاوہ 6 منزلیں رہیں گی۔ کام کے معیار کے سلسلہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ میں ایک مرتبہ پراجکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود کے ہمراہ وہ شخصی طور پر تعمیری کاموں کا جائزہ لینے کیلئے سائیٹ پر موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت دیگر پراجکٹس کی پیشرفت کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ حکومت نے عصری سہولتوں کے ساتھ یتیم خانہ کی تعمیر کیلئے ہمہ منزلہ کامپلکس کو منظوری دی ہے۔ انیس الغرباء کی قدیم عمارت سے متصل آر اینڈ بی کی 4000 مربع گز اراضی وقف بورڈ کے حوالے کی گئی ۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ کامپلکس سے متصل آر اینڈ بی کی عمارت جلد حاصل کرلی جائے گی۔ اس سے انیس الغرباء کامپلکس کو توسیع دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نظامیہ میں عصری آڈیٹوریم کی تعمیر کا کام اندرون دو ماہ مکمل ہوجائے گا۔ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ آڈیٹوریم کا افتتاح کریں گے۔