صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور سی ای او شاہ نواز قاسم نے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) نامپلی میں انیس الغرباء کی ہمہ منزلہ عمارت کی عاجلانہ تعمیر کے لیے آر اینڈ بی حکام کو ہدایت دی گئی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہ نواز قاسم کے ہمراہ انیس الغرباء کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیری کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے اور آئندہ سال فبروری تک تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ڈپٹی ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی محمد حفیظ اور دیگر عہدیداروں نے تعمیری کاموں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ 9 منزلہ کامپلکس کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ پلرس اور اطراف کی دیواروں کی تعمیر کا معائنہ کرنے کے بعد صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ ابتداء میں 7 منزلہ کامپلکس کا منصوبہ تھا جسے بعد میں 9 منزلوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔ دو سیلرس تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری تخمینہ 20 کروڑ سے بڑھ کر 45 کروڑ تک ہوسکتا ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے ابھی تک ایک کروڑ روپئے جاری کیے گئے۔ آر اینڈ بی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایکشن پلان تیار کرتے ہوئے تعمیری کام انجام دیں تاکہ وقف بورڈ کو کام کی تکمیل کے بارے میں طمانیت حاصل رہے۔ انہوں نے کہا کہ کام کی مرحلہ وار تکمیل کے سلسلہ میں تفصیلی ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فروری تک تعمیری کام کی تکمیل کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے انیس الغرباء کے لیے عصری عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں آر اینڈ بی کی 4000 مربع گز اراضی حوالے کی ہے۔ کامپلکس کی تعمیر کے بعد انیس الغرباء کے لیے حکومت کے امداد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور یتیم بچوں کو بہتر تعلیمی سہولتوں کے ساتھ قیام کے انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی یتیم بچوں کو انیس الغرباء میں شامل کیا جائے گا۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو ایک سکیولر قائد ہیں اور انہوں نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی مثالی اقدامات کیے ہیں۔ ہندوستان کی کوئی بھی ریاست ، تلنگانہ کی طرح اقلیتی بہبود کی اسکیمات کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے لیے اقامتی اسکولوں کا قیام تلنگانہ حکومت کا کارنامہ ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ جامعہ نظامیہ میں آڈیٹوریم کی تعمیر کا کام اختتامی مرحلہ میں ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو اس کا افتتاح کریں گے۔