اے کے خاں اور شاہنواز قاسم کا دورہ، تعمیری کاموں کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی (سیاست نیوز) نامپلی میں انیس الغرباء کے ہمہ منزلہ کامپلکس کی تعمیر کا کام آئندہ سال جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔ حکومت نے ایک ایکر اراضی پر 20 کروڑ روپئے کے مصارف سے عصری سہولتوں سے آراستہ ، یتیم خانہ کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔ ہمہ منزلہ کامپلکس کے ذریعہ انیس الغرباء کیلئے مستقل آمدنی کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ سال رمضان کے موقع پر انیس الغرباکا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ انہدامی کارروائی اور اراضی کے حصول میں تاخیر کے سبب تعمیری کام کے آغاز میں دیری ہوئی ۔ گزشتہ دنوں پلرس کی تعمیر کا کام شروع ہوا ہے ۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں اور ڈائرکٹر ا قلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے آج تعمیری کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ آرکیٹکٹ اور آر اینڈ ڈی عہدیداروں سے بات چیت کی ۔ اے کے خاں نے بتایا کہ نئی عمارت میں 600 بچوں کیلئے تمام سہولتوں کا انتظام کیا جائیگا ۔ 320 لڑکیاں اور 280 لڑکے یتیم خانہ میں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بہتر تعلیم کی فراہمی کے علاوہ اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں رہنمائی کریگی ۔ کسی بھی عمر کے یتیم بچوں کو انیس الغرباء میں داخلہ دیا جائے گا۔ انیس الغرباء میں موجود 60 بچوں کو مشیرآباد میں اقلیتی اقامتی اسکول کی عمارت میں منتقل کیا گیا ہے۔ پانچویں میں زیر تعلیم بچوں کو اقامتی اسکول میں تعلیم دی جارہی ہے جبکہ چوتھی کلاس کے بچوں کیلئے خصوصی اسکول قائم کیا گیا۔ چیف منسٹر کی جانب سے ہر سال دعوت افطار کے موقع پر انیس الغرباء کے بچوں کو مدعو کیا جاتا ہے اور انہیں بطور تحفہ نئے ملبوسات پیش کئے جاتے ہیں۔ اے کے خاں نے کہا کہ مقررہ مدت میں تعمیری کام مکمل کرلئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ نظامیہ میں آڈیٹوریم کی تعمیر کا کام اختتامی مرحلہ میں ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کام کی تکمیل کے فوری بعد پرانے شہر کا دورہ کریں گے اور دیگر تر قیاتی کاموں کے علاوہ آڈیٹوریم کا افتتاح انجام دیں گے ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے کنٹراکٹر کو ہدایت دی کہ وہ کام کے معیار کے سلسلہ میں کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔