انیس الغرباء میں مالی و انتظامی بے قاعدگیوں کی تحقیقات میں تیزی

نئے ملازمین کے تقرر پر غور ، عطیہ کی رقم کے غبن کا انکشاف ، کیرٹیکر کی خدمات برخاست ، کیاشر سے طلب کردہ وضاحت غیر اطمینان بخش
حیدرآباد۔ 23 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ادارہ انیس الغرباء میں مالی اور انتظامی بے قاعدگیوں کی تحقیقات تیزی سے جاری ہے اور وقف بورڈ نے کارکردگی میں شفافیت پیدا کرنے کیلئے موجودہ ملازمین کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسداللہ جنہوں نے ادارہ میں پائی جانے والی بے قاعدگیوں کی تحقیقات کی ، بتایا کہ مختلف مالی اور انتظامی بے قاعدگیوں کے پیش نظر وقف بورڈ نے نئے ملازمین کے تقرر کا فیصلہ میں کیا ہے تاکہ ادارہ کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں بہت جلد حکومت کو رپورٹ پیش کریں گے۔ محمد اسد اللہ کے مطابق ادارہ کے جونیئر اسسٹنٹ محمد اسحاق جو کیاشر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے ، انہیں وجہ نمائی نوٹس دی گئی تھی ، جس کا جواب داخل کیا گیا۔  وقف بورڈ کیاشر کی جانب سے داخل کردہ وضاحت سے مطمئن نہیں ہے اور اس معاملت کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی تحقیقات کے دوران 74,000 روپئے سے زائد کی رقم کی کمی کا پتہ چلا تھا ۔ اس کے علاوہ ایک این آر آئی عطیہ دہندہ کی جانب سے دی گئی رقم کے بارے میں وقف بورڈ کو اطلاع نہیں دی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ 75,000 روپئے کے عطیہ کو صرف 6,000 روپئے درج کیا گیا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے مطابق انتظامی بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں کیر ٹیکر کی خدمات کو برخاست کردیا گیا ہے۔ ادارہ میں مزید پانچ ملازمین برسر خدمت ہیں اور تمام کی خدمات عارضی بنیادوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ریٹائرڈ عہدیداروں پر مبنی ٹیم تشکیل دی جائے گی تاکہ انیس الغرباء نے نہ صرف طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہو بلکہ کارکردگی میں شفافیت پیدا کی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں موجودہ ملازمین کے رول کی جانچ کا کام بھی جاری ہے۔
شرعی عدالت کا آج اجلاس
حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( راست ) : شرعی عدالت جامعتہ المومنات کا ہفتہ واری اجلاس 24 نومبر کو شام 5 تا 8 بجے شب مفتی محمد حسن الدین کی نگرانی میں مقرر ہے ۔ اس اجلاس میں مسلمانوں کے آپسی تنازعات تقسیم میراث ، نکاح ، طلاق ، خلع ، نفقہ جیسے اہم مسائل کے فیصلے کئے جاتے ہیں ۔۔