کولکتہ ۔ /22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے آج تیسرے اور آخری ونڈے کرکٹ میچ میں ہندوستان کو 5 رن سے شکست دے کر کلین سوئپ سے بچالیا ۔ ہندوستان یہ سیریز 2-1 سے جیت چکا ہے۔ پونے اور کٹک میں کھیلے گئے دو میچیس میں ہندوستان کامیاب رہا ۔ تاہم آج ایڈن گارڈن میں انگلینڈ کے 321/8 کے جواب میں ٹیم 316/9 ہی بنا پائی ۔ آخری اوور ہندوستان کیلئے کافی مہنگا ثابت ہوا اور بیٹسمین دباؤ میں آگئے ۔ کیدار جادھو 75 گیندوں میں 90 رنز ٹیم کو کامیابی کی راہ پر لاچکے تھے اور اوور کے پہلے دو گیندوں پر انہوں نے ایک چھکا اورچوکا لگایا لیکن کامیابی کیلئے درکار 16 رنز پورے نہ ہوسکے ۔ آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے 57 رنز بنائے اور 3/63 کے ذریعہ انگلینڈ کو کامیابی دلانے میں اہم رول ادا کیا ۔ ہندوستان کو آخری 3 اوورس میں صرف 27 رنز کی ضرورت تھی لیکن 48 ویں اوور میں 4 رنز ہی بن سکے اور اشوین آوٹ ہوگئے تھے ۔