انگریزی کی شروعات کب ہوئی ؟

بچو! اگرچہ ساری دنیا میں تقریباًایک ارب لوگ چینی زبان بولتے ہیں اور اسی طرح تقریباً 60 کروڑ افراد انگریزی ، لیکن عام طورپر انگریزی زبان انتہائی اہمیت کا درجہ رکھتی ہے ۔ اس کی خاص وجہ یہ ہے کہ چینی زبان زیادہ تر چین ہی میں رائج ہے لیکن انگریزی زبان کئی ملکوں میں بولی جاتی ہے ۔
کئی ملکوں میں یہ دوسری زبان کا درجہ رکھتی ہے ۔دنیا کا زیادہ تر صنعتی و تجارتی کام کاج انگریزی زبان میں ہی انجام پاتا ہے ۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے زیادہ تر خیالات کااظہار انگریزی زبان میں ہی ہوتا ہے ۔ جدید انگریزی زبان صرف پانچ سو سال پرانی ہے ۔ تقریباً پانچ ہزار سال پہلے یورپ کے ملکوں میں انڈو یوروپین زبان بولی جاتی تھی ۔ جنوبی روس کے لوگ اور کچھ خانہ بدوش قبیلے بھی یہی زبان بولتے تھے ۔ یہ لوگ دنیا میں اِدھر اُدھر منتشر ہوگئے اور اس زبان کی شکل ہی بدل گئی۔ اس کی تبدیل شدہ شکل جرمینک تھی ۔ کچھ عرصہ بعد جرمینک زبان نے دو شکلیں اختیار کرلیں۔ مشرقی جرمینک اور مغربی جرمینک ۔ مغربی جرمینک نے پھردو شکلیں اختیار کیں۔ ہائی جرمینک اور لوجرمینک ۔ ہائی جرمینک سے جرمن زبان کی پیدائش ہوئی اور لو جرمینک سے ڈچ اور انگریزی زبان کی ۔ لیکن ان زبانوں کی ترقی نے کئی تبدیلیاں دیکھیں۔ شروع شروع میں تو جرمینک زبان سے قدیم انگریزی یا اینگلو سیکشن کا فروغ عمل میں آیا۔