وزارت فینانس کی تجویز زیرغور، ووٹرس کو راغب کرنے کی کوشش
حیدرآباد ۔ 23 ڈسمبر (ایجنسیز) یکم ؍ فروری 2018ء کو پیش ہونے والے عام بجٹ میں انکم ٹیکس چھوٹ کی حد 3 لاکھ روپئے تک بڑھ سکتی ہے۔ 60 سال سے زیادہ اور 80 سال سے کم کے سینئر سٹیزن کے لئے ٹیکس چھوٹ کی حد 3.5 لاکھ روپئے اور 80 سال و اس سے زیادہ عمر کے سوپر سینئر سٹیزن کے لئے چھوٹ 5.50 لاکھ روپئے یا اس سے زیادہ ہوسکتی ہے۔ لوک سبھا انتخابات سے پہلے یہ مودی حکومت کا آخری مکمل بجٹ ہوگا۔ انکم ٹیکس کی چھوٹ کی حد بڑھانے کو لیکر تین تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔ یہ تین تجاویز وزارت فینانس کے عہدیداروں نے انکم ٹیکس اور ٹیکس اکسپرٹ کے ساتھ بات چیت کرکے بنائے ہیں، اس پر آخری فیصلہ پی ایم او کے ساتھ میٹنگ کے بعد کیا جائے گا۔ ابھی ٹیکس دہندگان کو 2.50 لاکھ روپئے تک کی انکم پر ٹیکس چھوٹ ملتی ہے، سینئر سٹیزن کے لئے3 لاکھ روپئے اور سوپر سینئر سٹیزن کیلئے انکم ٹیکس چھوٹ 5 لاکھ روپئے ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اتنی سالانہ آمدنی ہونے پر کوئی انکم ٹیکس نہیں بنتا۔ وزارت فینانس کے ذرائع کے مطابق پہلی تجویز میں ٹیکس دہندگان کیلئے چھوٹ کی حد 2.75 لاکھ روپئے سے 3 لاکھ روپئے کرنے، سینئر سٹیزن کیلئے 3.30 لاکھ سے 3.50 لاکھ اور سوپر سینئر سٹیزن کیلئے 5.50 لاکھ روپئے کرنے کی تجویز ہے۔ دوسرے منصوبے میں انکم ٹیکس چھوٹ کی حد بڑھا کر 3 لاکھ روپئے کرنے کی بات ہے۔ سینئر سٹیزن کی انکم ٹیکس چھوٹ کو 4 لاکھ روپئے اور سوپر سینئر سٹیزن کے لئے 6 لاکھ روپئے کرنے کی تجویز ہے۔ تیسری تجویز میں انکم ٹیکس چھوٹ کی حد 2.80 لاکھ روپئے کرنے کی بات ہے جبکہ سینئر سٹیزن اور سوپر سینئر سٹیزن کیلئے چھوٹ کی حد میں 30,000 روپئے کا اضافہ کرنے کی بات کی گئی ہے۔ وزارت فینانس کے ذرائع نے بتایا کہ انکم ٹیکس چھوٹ میں 50,000 روپئے کے اضافہ پر اتفاق ہے، اس کے دو وجوہات ہیں ایک تو 2019ء میں عام انتخابات ہیں۔
، اس سے پہلے ووٹرس کو ترغیب دینے کیلئے حکومت ایسا کرسکتی ہے۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ فروری 2019ء میں حکومت کو آخری بجٹ پیش کرنا ہوگا۔ یہ کچھ مہینوں کیلئے ہوگا، تب ٹیکس میں بدلاؤ مناسب نہیں ہوگا۔ ۔ انتخابات کے بعد جو نئی حکومت آئے گی، وہی مکمل بجٹ پیش کرے گی۔ یو پی اے حکومت کے وقت سابق وزیرفینانس یشونت سنہا کی زیرقیادت کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں ٹیکس چھوٹ کی حد بڑھا کر 5 لاکھ روپئے کرنے کی تجویز رکھی تھی، تب بی جے پی نے اس کی تائید کی تھی۔ پارٹی کے لیڈرس نے کہا تھا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آئی تو وہ ٹیکس چھوٹ خاصی طور پر بڑھائے گی۔ ٹیکس اکسپرٹ اور اکانامسٹ ڈاکٹر سشیل اگروال کا کہنا ہیکہ اگر بڑھتی مہنگائی کی بات کریں تو انکم ٹیکس چھوٹ میں اچھا خاصہ اضافہ ہونا چاہئے۔