انکاپور موضع میں بی ٹی روڈ کا سنگ بنیاد

کئی نوجوانوں کی ٹی آر ایس میں شمولیت، محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد 5 نومبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس پارٹی کی بہتر کارکردگی اور ترقیاتی کاموں سے متاثر ہوکر مختلف سیاسی جماعتوں سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں لوگوں کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کو شاد نگر میں کانگریس و تلگودیشم جماعتوں کے متعدد کارکنوں نے شاد نگر رکن اسمبلی انجیا کی قیادت اور نائب وزیر اعلیٰ محمد محمود علی کی سرپرستی میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی جن میں زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی قائدین کے علاوہ مقامی نوجوان بھی شامل ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے تمام اراکین کا پارٹی میں خیرمقدم کیا۔ مختلف پارٹیوں کے کارکنوں کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی وجہ انھوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی دور اندیشی اور ریاست کے عوام خصوصاً غریبوں کے تئیں کئے جانے والے ان کے اقدامات قرار دیا۔ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ناگولا پلی سرپنچ رنگیا، خواجہ پلی پروین اور سولے پور کے سابقہ سرپنچ سری سیلم نے اس موقع پر بتایا کہ کے چندرشیکھر راؤ کی مؤثر کارکردگی نے ان کارکنوں کو مختلف پارٹیوں سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے پر راغب کیا۔ اس موقع پر مقامی ٹی آر ایس قائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر رنگاپور ولیج میں بی ٹی روڈ کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔