سرینگر ۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سکیورٹی فورسیس کے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران یہاں کے آفان علاقہ میں ہوئے ایک انکاؤنٹر میں ایک نامعلوم عسکریت پسند ہلاک ہوگیا۔ تلاشی مہم کا آغاز سکیورٹی فورسیس نے اُس وقت کیا جب اُسے یہ اہم اطلاع ملی کہ آفان علاقہ میں عسکریت پسند موجود ہیں۔ آفان پہنچنے پر جیسے ہی سکیورٹی فورسیس عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کے قریب پہنچی، اُن لوگوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے بعد سکیورٹی فورسیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کے دوران ایک عسکریت پسند ہلاک ہوگیا۔ یہ دیکھ کر دیگر عسکریت پسند وہاں سے فرار ہوگئے جبکہ سکیورٹی فورسیس نے انکاؤنٹر کے مقام سے ایک AK-47 رائفل، پانچ میگزین، 60 راؤنڈس، چار میٹریکس، دو سیل فونس، ایک جی پی ایس اور ایک یو بی جی ایل دستی بم ضبط کیا۔
رئیل اسٹیٹ سیکٹر کم قیمت والے مکانات تعمیر کرے : وینکیا نائیڈو
نئی دہلی ۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے حکومت ایسے منصوبوں کی خواہاں ہے جو ضرورت مندوں کو قابل دسترس قیمتوں پر مکانات حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اُن سفارشات پر غور کررہی ہے کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں انشورنس اور پنشن فنڈس کو بھی مشغول کیا جاسکے۔ وزیر برائے شہری ترقیات و ہاؤزنگ وینکیا نائیڈو نے کہاکہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو بھی اب ایسے منصوبوں کے ساتھ سامنے آنا چاہئے جو صرف کاغذ پر نہ ہوں اور جنھیں حقیقت میں تبدیل کیا جاسکے۔