انکاؤنٹر کے خلاف احتجاج‘ اسمبلی کے اطراف امتناعی احکام

حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ  پولیس کی جانب سے مسلسل فرضی انکاؤنٹرس میں شہریان کو ہلاک کئے جانے کے خلاف مسلم تنظیموں اور ویراسم کے زیر اہتمام 30 ستمبر کو چلو اسمبلی پروگرام کے پیش نظر کمشنر پولیس حیدرآباد نے اسمبلی کے اطراف و اکناف علاقوں میں امتناعی احکام نافذ کردیئے ۔ آلیر فرضی انکاؤنٹر میں 5 مسلم زیر دریافت قیدیوں کو ہلاک کرنے اور نرسنگ راؤ نامی دلت کے انکاؤنٹر کے خلاف چلو اسمبلی پروگرام منعقد کیا جارہا ہے اور ان انکاؤنٹرس کی برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ انقلابی رہنما ورا ورا راؤ سیول لبرٹیز کی جانب سے چلو اسمبلی پروگرام کے اعلان کے بعد پولیس چوکسی اختیار کرلی ہے اور اسمبلی کے دو کیلو میٹر کے احاطہ میں امتناعی احکامات نافذ کرتے ہوئے جلسہ عام یا ریالیاں اور کسی بھی قسم کے پروگرام کے انعقاد کیلئے اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ احکامات 29 ستمبر سے 5 اکتوبر تک نافذ رہیں گے۔