انکاؤنٹر میں پولیس اہلکار زخمی

گڑھوال۔/25مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) گڑھوال ڈسٹرکٹ کے موضع بھومی پور میں 12تا 15ماوسٹوں پر مشتمل ایک گروپ کے ساتھ ہوئے انکاؤنٹر میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ دریں اثناء پولیس سپرنٹنڈنٹ سدھیر کمار جھا نے کہا کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ موضع کے قریب کھیتراور پہاڑ میں ماؤسٹوں کا ایک گروپ جمع ہونے والا ہے۔ پولیس کی ٹیم فوری طور پر وہاں پہنچ گئی اور ماوسٹوں کے ساتھ تقریباً دو گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جس میں پولیس اہلکار عبدالستار زخمی ہوگیا جسے رانچی کے ایک ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔

ملبوسات کے کارخانے میں
آتشزدگی
تھانے۔/25مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) پاورلوم کے شہر بھیونڈی میں ملبوسات ڈائنگ کرنے والے ایک یونٹ میں لگی شدید آگ سے پورا یونٹ جل کر خاکستر ہوگیا۔ تپسیا ڈائنگ یونٹ جو بالاجی کمپاؤنڈ میں واقع ہے۔ نصف شب سے قبل آتشزدگی کا واقعہ رونما ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ آتش فرو عملہ نے تقریباً 8گھنٹے کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ قریبی علاقوں جیسے کلیان، امبرناتھ، الہاس نگر اور تھانے سے بھی فائر بریگیڈس وہاں پہنچے تھے۔ بھوئی واڑہ پولیس نے بتایا کہ حادثہ میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات ہنوز نامعلوم ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔