ہندوستان میں شام و عراق جیسے حالات پیدا کرنے کے خواہاں: این آئی اے
نئی دہلی۔ 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈین مجاہدین کے ارکان عالمی دہشت گرد تنظیم ’’داعش‘‘ کے نقش قدم پر چل رہے ہیں تاکہ عراق اور شام جیسے حالات ہندوستان میں پیدا کئے جائیں۔ این آئی اے نے آج عدالت کو یہ بات بتائی اور کہا کہ تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا کہ بعض مشتبہ انڈین مجاہدین کے ارکان کو دیگر جہادیوں کے ساتھ شام روانہ کرنے کا منصوبہ تھا۔ این آئی اے نے انڈین مجاہدین کے 20 مشتبہ سرکردہ ارکان کے خلاف آج پیش کردہ اضافی چارج شیٹ میں یہ انکشاف کیا۔ 20 کے منجملہ اب تک 17 کو گرفتار نہیں کیا جاسکا جبکہ 3 تحسین اختر، حیدر علی اور ضیاء الرحمن عدالتی تحویل میں ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی نے بتایا کہ مفرور انڈین مجاہدین رکن محمد شفیع سے ای۔میل اور چیاٹنگ کے دوران یہ پتہ چلا کہ وہ دیگر جہادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے شام جانے کی خواہش رکھتا ہے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ وہ چاہتا ہے کہ ہندوستان میں حالات بالکل عراق و شام کی طرح ہوجائیں۔