انڈین مجاہدین کے 5 کارکنوں کو مجرم قرار دیا گیا

2013 بودھ گیا دھماکہ کیس میں این آئی اے خصوصی عدالت کا فیصلہ
پٹنہ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) این آئی اے کی خصوصی عدالت نے آج انڈین مجاہدین کے 5 کارکنوں کو 2013 ء بودھ گیا سلسلہ وار بم دھماکہ کیس میں مجرم قرار دیا جس میں بودھ راہب کے بشمول کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔ این آئی اے جج منوج کمار سنہا نے پانچ ملزمین امتیاز انصاری، حیدر علی، مجیب اللہ، عمیر صدیقی اور اظہرالدین قریشی کو خاطی پایا اور کہاکہ تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت اس کیس میں یہ تمام مجرم ہیں۔ عدالت نے 31 مئی کو سزا کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا۔ عالمی شہرت یافتہ بدھسٹ یاتری ٹاؤن بودھ گیا میں 7 جولائی 2013 کو سلسلہ وار بم دھماکے کئے گئے تھے جس میں کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس کیس میں چھٹے ملزم توفیق احمد کو 18 سال سے کم عمر ہونے کی وجہ سے گزشتہ سال بچوں کی عدالت میں 3 سال کی نظربندی کی سزا سنائی تھی اور اسے بھی خاطی پایا تھا۔