بنگلور 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عدالت نے ممنوعہ تنظیم انڈین مجاہدین کے 4 مشتبہ کارکنوں کی پولیس تحویل کو 3 فبروری تک توسیع دی ہے۔ ان تمام کو حال ہی میں گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے اشفاق، عبدالصبور، رئیس سعیدی اور صدام حسین کی پولیس تحویل کو انڈین مجاہدین دھماکو اشیاء کی ضبطی کیس میں توسیع دی ہے۔ ڈی سی پی کرائم ابھیشک گوئل نے اپنے ٹوئٹر پر یہ خبر پوسٹ کی ہے۔ ان تمام کی پولیس تحویل آج ختم ہورہی تھی۔ بنگلور پولیس نے 8 جنوری کو انڈین مجاہدین کے دہشت گرد منصوبہ کو بے نقاب کرکے اس کے 3 مبینہ کارکنوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور اترا کنڑا ضلع میں بھٹکل میں ان کے مکانات پر دھاوے کئے تھے۔ چوتھے مبینہ کارکن کو منگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ سے دوبئی پرواز سے قبل 11 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا۔