ادوکی (کیرالا) ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے ایک خفیہ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار شدہ انڈین مجاہدین کے سرغنہ وقاص احمد اور تحسین اختر کے معاون کو گرفتار کرلیا۔ ان کی گرفتاری کیرالا کے ضلع ادوکی میں آج رات عمل میں آئی ہے۔ پولیس کے مطابق شمیل شفیکولا نے مبینہ طور پر وقاص احمد اور تحسین اختر کی جاریہ سال دہلی میں گرفتاری سے قبل شمیل میں اپنے گھر پر انہیں پناہ دی تھی۔ شمیل جس کا تعلق بہار سے ہے، مذکورہ دونوں افراد کی گرفتاری کے بعد سے فرار تھا۔ تاہم کل رات کیرالا میں واقع علاقہ منار میں واپس ہوا۔ تاہم ایک خفیہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس نے اسے فوری طور پر گرفتار کرلیا۔ پولیس اور انٹلیجنس ایجنسیاں وقاص احمد اور تحسین اختر کی گرفتاری کے بعد سے ہی اس پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ شمیل اس پہاڑی علاقہ میں چند سال پہلے ایک ہوٹل میں کام کرنے کیلئے آیا تھا۔ یہ علاقہ سیاحوں کیلئے پرکشش مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔
مندر میں بم کی جھوٹی اطلاع سے پولیس چوکس
جئے پور ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پولیس آج یہاں ایک نامعلوم خاتون کی جانب سے فون پر بم کے حوالہ سے بات چیت کرنے کے بعد گنیش مندر کے اطراف و اکناف میں سیکوریٹی سخت کرتے ہوئے تلاشی کارروائی میں مصروف دیکھی گئی۔ پولیس نے کہا کہ پولیس کنٹرول روم نے ایک خاتون کو کسی کے ساتھ بات کرتے ہوئے سنا گیا کہ گنیش مندر میں بم رکھ دیا گیا ہے جس کے بعد پولیس عملہ کو فوری طور پر الرٹ کردیا گیا۔ پولیس کمشنر جگن سرینواس راؤ نے یہ بات بتائی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ تلاشی کے بعد کسی قسم کی مشتبہ اشیاء دستیاب نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ خاتون کی شناخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔