انڈین مجاہدین کارکنوں کو ٹرانزٹ ریمانڈ

این آئی اے حیدرآباد کی درخواست دہلی عدالت میں زیرتصفیہ
نئی دہلی۔5مئی ( پی ٹی آئی)دہلی کی عدالت نے انڈین مجاہدین کے کارکنوں تحسین اختر اور ضیاء الرحمن عرف وقاص کو دلسکھ نگر دھماکو کے سلسلہ میں تین دن کے لئے ٹرانزٹ ریمانڈ پر دینے این آئی اے حیدرآباد کی درخواست پر فیصلہ زیرتصفیہ رکھا ہے ۔ممبئی اے ٹی ایس نے بھی عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے دونوںکوتحویل میں دینے کی خواہش کی لیکن این آئی اے اسپیشل جج آئی ایس مہتا نے اس درخواست کو بھی زیرتصفیہ رکھا حالانکہ سیشن کورٹ نے دہلی پولیس اسپیشل سیل کی درخواست پر انہیں 19مئی تک عدالتی تحویل میں دے دیاہے ۔ این آئی اے اسپیشل جج نے کہا کہ این آئی اے حیدرآباد کی درخواست کو تاحکم ثانی زیر تصفیہ رکھا جارہا ہے ۔ تحسین اور وقاص کے علاوہ دیگر مبینہ انڈین مجاہدین کارکنوں محمد معروف ‘ وقاراظہر ‘ محمد ثاقب انصاری کو اسپیشل سیل نے مارچ میں گرفتار کیا تھا ۔این آئی اے حیدرآباد نے تحسین اور وقاص کو تین دن کیلئے ٹرانزٹ ریمانڈ میں دینے اسپیشل کورٹ میںدرخواست دائر کی کیونکہ وہ فبروری 2013ء میں ہوئے دلسکھ نگر بم دھماکوں کے سلسلہ میں تفتیش کی خواہاں ہے ۔ اس دوران سیشن جج نے این آئی اے کو ہدایت دی کہ ان دونوں کو مزید کارروائی کیلئے نامزد عدالت میں پیش کیا جائے ۔ تحسین اور وقاص کوٹرانزٹ ریمانڈ کیلئے این آئی اے حیدرآباد کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے ان کے وکیل ایم ایس خان نے کہا کہ ملزمین کے خلاف کوئی ثبوت نہیں پائے جاتے ۔ انہوں نے کہاکہ تحقیقاتی عہدیدار نے بغیر کسی ثبوت کے محض دیگر محرکات کی بناء انہیں گرفتار کیاہے ۔ انہوں نے ملزمین پر دباؤ کے ذریعہ اعترافی بیان ریکارڈ کئے جانے کا امکان بھی مسترد نہیں کیا ۔