حیدرآباد 25 مارچ ( پی ٹی آئی ) عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے آئندہ سال 3 تا 7 جنوری 105 ویں انڈین سائینس کانگریس کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے جس میں امکان ہے کہ تقریبا 25 نوبل انعام یافتہ سائینسدان شرکت اور خطاب کرینگے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے جاریہ سال صدی تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور یونیورسٹی چھٹی مرتبہ اس کانگریس کا انعقاد عمل میں لائیگی ۔ اس سے قبل یہاں 1937, 1954, 1967, 1979, اور 1998 میں یہ کانگریس منعقد کی گئی تھی ۔ وائس چانسلر پروفیسر ایس رامچندرم نے یہ بات بتائی ۔ انڈین سائینس کانگریس اسوسی ایشن کے جنرل صدر پروفیسر اچیوتا سامنتا نے کہا کہ تقریبا 25 ہزار افراد اس کانگریس میں شرکت کرینگے ۔ پروفیسر رامچندرم نے میڈیا کو بتایا کہ امکان ہے کہ تقریبا 25 نوبل انعام یافتہ سائینس دان اس کانگریس میں اظہار خیال کرینگے ۔ پروفیسر سامنتا نے کہا کہ اس کانگریس کا تھیم رسائی سے محروم افراد تک رسائی رکھا گیا ہے ۔ انڈین سائینس کانگریس کا عموما افتتاح وزیر اعظم ہند کرتے ہیں۔