نئی دہلی ۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور چین نے آج ریل شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے سے اتفاق کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے چینی ہم منصب لی کیقیانگ نے مختلف پراڈکٹس پر پیشرفت کیلئے ایکشن پلان تیار کیا ہے جس میں 160 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار والی موجودہ روٹس کو ترقی دی جاکر یہاں تیز رفتار ٹرینیں چلانے کے منصوبہ میں تعاون کیا جائے گا۔ ریلوے عہدیداروں نے بتایا کہ تیز رفتار گاڑیوں کی دیکھ بھال کیلئے ٹریننگ دی جائے گی اور چین ایک ریلوے یونیورسٹی قائم کرنے میں مدد کرے گا۔ ہندوستان اور چینی قائدین کے درمیان ہوئی بات چیت میں ریلوے کو ترقی دینے کے موضوع پر توجہ دی گئی۔ ریلوے نے دہلی، آگرہ اور چینائی ، بنگلور، میسور کے بشمول 9 روٹس کی نشاندہی کی ہے جہاں تیز رفتار ٹرینیں چلائی جائیں گی۔