آگرہ ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آگرہ فضائی اڈہ پر انڈین ایرفورس کے ایک ٹرانسپورٹ طیارہ میں آج ایک غیرمعمولی اور بن بلایا مہمان سوار ہوگیا جو کوئی اور نہیں بلکہ آٹھ فٹ طویل ہندوستانی پہاڑی چڑگو سانپ تھا۔ یہ سانپ طیارہ بردار جہاز AN-32 کے طیارہ نمبر K2706 کے سیدھے بازو میں پایا گیا جس کو دیکھنے کے بعد ہندوستانی خفیہ کے عہدیداروں نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو طلب کرلیا جنہوں نے وہاں پہنچ کر اس سانپ کو بحفاظت وہاں سے منتقل کردیا۔ ذرائع نے کہا کہ سانپ پکڑنے کے ماہر دو سپیرے اس مقام پر پہنچے تھے لیکن انہیں اس بے چین سانپ کو پکڑنے کیلئے پانچ گھنٹوں تک جدوجہد کرنا پڑا۔ سپیروں نے کہا کہ اس بڑے سانپ کو کسی گزند سے بچاتے ہوئے پرسکون رکھنا ایک چیلنج تھا۔ عہدیداروں کہا ہیکہ اس سانپ کو نگرانی میں رکھا گیا ہے اور پوری طرح ٹھیک ہوجانے کے بعد جنگل میں چھوڑ دیا جائے گا۔