انڈین ایرفورس کا طیارہ تباہ ، 5 ہلاک

نئی دہلی ؍ جئے پور ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فضائیہ (اے آئی ایف) کا ایک جدید ترین امریکی ساختہ فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ گوالیار کے قریب تباہ ہوگیا جس کے نتیجہ میں تمام 5 ارکان عملہ ہلاک ہوگئے جن میں 4 افسران شامل ہیں۔ امریکی ساختہ C-130J طیارہ انڈین ایرفورس کی طرف حاصل کردہ انتہائی جدید ترین طیارہ تھا جو دیگر 5 طیاروں کے ساتھ حال ہی میں خریدا گیا تھا۔ ایک طیارہ کی قیمت 965 کروڑ روپئے ہوتی ہے۔ انڈین ایرفورس نے حادثہ کی وجوہات پتہ چلانے کیلئے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا ہے۔

طیارہ کی تباہی کے سبب ہلاک ہونے والوں میں کیپٹن ونگ کمانڈر پرشانت جوشی، ونگ کمانڈر راجیو نائر، اسکوائیڈرن لیڈر کوشیک مشرا، اسکوائیڈرن لیڈر اشیش یادو (نیوی گیٹر) اور وارنٹ آفیسر کرشنا پال سنگھ (فلائیٹ انجینئر) شامل ہیں۔ انڈین ایرفورس کے ترجمان نے نئی دہلی میں کہا کہ ’’ایک C-130J طیارہ گوالیار ہوائی اڈہ کے مغرب میں 72 میل دور گر پڑا جو تربیتی مشن پر آگرہ سے روانہ ہوا تھا‘‘۔

جموں میں دہشت گردوں کا حملہ ،3 ہلاک
جموں 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لشکرطیبہ کے عسکریت پسندوں نے بھاری اسلحہ سے لیس ہوکر جموں کے علاقہ جنگلوٹے میں حملہ کیا جس میں ایک سپاہی کے بشمول 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ فوجی کیمپ کے باب الداخلہ پر نگرانی کرنے والا یہ سپاہی نشانہ بنا ہے۔ یہاںپر فائرنگ کے تبادلہ میں تمام تینوں دہشت گرد بھی مارے گئے۔ یہ فائرنگ تقریباً 10 گھنٹے جاری رہی۔