انڈیا سیزفائر کی 542 خلاف ورزیوں کا مرتکب: پاکستان

اسلام آباد ، 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستان پر 2017ء میں تاحال سیزفائر کی 542 خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا ، جس کے نتیجے میں 18 افراد کی موت ہوگئی ، اور کہا کہ اس کے پڑوسی کا شریک جنگ جیسا طرزعمل علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے یہ بھی کہا کہ پاکستان لائن آف کنٹرول کے پاس بگڑتی صورتحال کے بارے میں بین الاقومی برادری کی بڑھتی تشویش میں شریک ہے۔ انھوں نے یہاں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دعوی کیا کہ انڈین فورسیس نے 2017ء میں اب تک 542 مرتبہ فائربندی کی خلاف ورزی کی ہے جو 18 افراد کی ہلاکت کا موجب ہوئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان متواتر یہی کہتا رہا ہے کہ جموں و کشمیر تنازعہ کی اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کی مطابقت میں یو این کی سرپرستی میں منصفانہ، آزادانہ اور شفاف استصواب رائے عامہ کے ذریعہ ہی ہوسکتی ہے۔