انڈہ کے دام بھی بڑھ رہے ہیں

حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) ترکاریوں اور گوشت کی قیمتوں میں اضافہ کا بوجھ اٹھانے والے شہریوں کے گھریلو بجٹ پر ایک اور ضرب لگنے والی ہے۔ اب انڈوں کے دام بڑھنے والے ہیں۔ نیشنل ایگ کوارڈینیشن کمیٹی کے بموجب حیدرآباد میں انڈہ کی ہول سیل قیمت 4 روپئے 14 پیسے ہے۔ اب عوام کو ایک انڈہ 4.5 روپئے میں فروخت کیا جارہا ہے اور پولٹری انڈسٹری کے نمائندوں نے کہاکہ انڈے کے دام میں مزید اضافہ ہوگا تاکہ کاروبار مستحکم کیا جاسکے۔ نقصان سے بچنے کے لئے ایک انڈہ پانچ روپئے میں فروخت کرنا ضروری ہوگیا ہے۔ جنوری میں ہول سیل میں ایک انڈے کی قیمت 3 روپئے 95 پیسے تھی۔ اس کے دام 4 روپئے 14 پیسے ہوئے ہیں۔ مستقبل قریب میں انڈہ مزید مہنگا ہوگا۔ حالیہ عرصہ میں پولٹری فیڈ کے دام بڑھ گئے ہیں۔ ایسے میں پولٹری فارمرس کی بقاء اسی میں ہے کہ انڈوں کی قیمت بڑھادی جائے۔ تلنگانہ پولٹری فیڈریشن کے صدر پردیپ کمار راؤ نے ان تاثرات کا اظہار کیا ہے۔