انڈو عرب لیگ سے حیدرآباد میں فلسطینی قونصل خانہ کیلئے عمارت کی پیشکش

مسٹر محمود عباس کا اظہار تشکر، گورنر نبلس مسٹراے حکیم سے جناب سیدوقارالدین کی ملاقات

رملہ /نبلس(فلسطین):23 / نومبر (پریس نوٹ) صدرنشین انڈو عرب لیگ و چیف ایڈیٹر روزنامہ ’’ رہنمائے دکن ‘‘ صدر فلسطین محمود عباس کو حیدرآباد کے دورہ کی دعوت دینے کے ساتھ ہی ساتھ موتیوں کے شہر میں فلسطینی قونصل خانہ کی کشادگی کیلئے انڈو عرب لیگ حیدرآباد کی جانب سے عمارت کی فراہمی کی پیشکش کی جس پر محمودعباس نے ان کی پیشکش پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ بہت جلد اس ضمن میں کوششیں شروع کی جائیں گی۔ صدر فلسطین محمود عباس نے ظہرانے کے دوران جناب سید وقار الدین سے کہاکہ ان کی اور انڈو عرب لیگ کی خدمات سے فلسطینی عوام بخوبی واقف ہیں اور وہ اس خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔مسٹر محمود عباس نے کہاکہ انڈو عرب لیگ حیدرآباد کی بین الاقوامی سطح پر ستائش کی جارہی ہے جس نے ہندوستان اور عالم عرب کے مابین مستحکم تعلقات کو پروان چڑھانے کا تہیہ کرلیا ہے ۔مسٹر عباس نے جناب وقار الدین کو بتایا کہ ہندوستان اور فلسطین کے تعلقات برسوں قدیم ہے اور ان میں کبھی دوریاں نہیں آئیں گی۔ اس موقع پر جناب سید وقارالدین نے کہاکہ بیت المقدس دارالحکومت کے ساتھ آزاد مملکت فلسطین دیکھنے اور مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائیگی کی آرزو رکھتے ہیں ۔نبلس کے گورنر مسٹر اے حکیم نے آج اپنے دفتر میں صدرنشین انڈو عرب لیگ حیدرآباد و چیف ایڈیٹر ’’ رہنمائے دکن ‘‘ جناب سید وقار الدین اور وفد کے دیگر ارکان نائب صدرنشین انڈو عرب لیگ ڈاکٹر میر اکبر علی خان ‘ سکریٹری جناب شیخ ابو بکر ‘ جناب سید عزیز پاشاہ (سابق رکن پارلیمان)‘ مولانا سید شاہ مظہر حسین صابری (جمعیت المشائخ) ‘ جناب مقبول احمد (ریسرچ اسکالر) ‘ جناب جمیل احمد خان (نمائندہ خصوصی ’’ رہنمائے دکن ‘‘ ) ‘ جناب عثمان بن الہاجری (صدر دکن وقف پروٹیکشن سوسائٹی ) اور پروفیسر پنیا کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر جناب سید وقار الدین اور گورنر نبلس مسٹر حکیم نے کئی امورپر تبادلہ خیال کیا۔ مسٹر حکیم نے کہاکہ وہ نبلس کے عوام کی طرف سے انڈوعرب لیگ کے وفد کا تہہ دل سے استقبال کرتے ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ مسئلہ فلسطین کو جس طرح ہندوستان میں ایک آواز اور ایک پہچان دی اس کیلئے فلسطینی عوام ہمیشہ انڈو عرب لیگ حیدرآباد اور صدرنشین جناب سید وقار الدین کے شکر گزار رہیں گے ۔انہوں نے کہاکہ انڈوعرب لیگ کی کاوشوں سے فلسطینی عوام بخوبی واقف ہیں ‘ شہر حیدرآباد میں متعدد جلسے جو فلسطینی جدوجہد اور مسائل پرمنعقد ہوئے ہیں اس کا سارا سہرا جناب سید وقار الدین کے سر جاتا ہے ۔ گورنر نبلس نے کہاکہ آئندہ سال مارچ میں حیدرآباد میں انڈو عرب لیگ حیدرآباد کی جانب سے منعقد کی جانے والی القدس کانفرنس میںوہ بھی شرکت کرینگے ۔