انڈو عرب لیگ حیدرآباد کا 20 جون کو جلسہ یوم اقصیٰ و فلسطین

مفتی اعظم فلسطین و امام مسجد اقصیٰ تقدس مآب محمد اے ایچ حسین کی آمد ، جناب سید وقار الدین قادری کا بیان
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( راست ) : مفتی اعظم فلسطین تقدس مآب محمد اے ایچ حسین جمعہ 20 جون کو شام 7 بجے نمائش کلب حیدرآباد میں انڈو عرب لیگ حیدرآباد کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے جلسہ عام میں فلسطین کے موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالیں گے اور امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کریں گے ۔ فلسطینی عوام کے ساتھ یگانگت کے اظہار کے لیے منعقد شدنی جلسہ میں فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن مآب عبداللہ ایم آئی عبداللہ کے علاوہ سفیر فلسطین متعینہ ہند الشیخ حسن صادق عدلی شعبان کے علاوہ عرب جماعت کے سفراء اور ہندوستان کی سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے ۔ چیرمین انڈو عرب لیگ حیدرآباد جناب سید وقار الدین قادری نے بتایا کہ انڈو عرب لیگ حیدرآباد کی دعوت پر مفتی اعظم فلسطین اور کئی جماعت کے سفارتکار حیدرآباد تشریف لا رہے ہیں ۔

انڈو عرب لیگ حیدرآباد جو 1967 میں قائم کی گئی ہند عرب تعلقات کے استحکام میں اہم رول ادا کرتی رہی ۔ فلسطینی کاز کے لیے اس کی جدوجہد اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر شروع کی جانے والی تحریکات مسلمہ ہیں ۔ انڈو عرب لیگ حیدرآباد جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسلمہ حیثیت عطا کی ہے اس کے پلیٹ فارم سے محترمہ اندرا گاندھی ، مسٹر پی وی نرسمہا راو ، اندر کمال گجرال ، مسٹر وی پی سنگھ ، مسٹر ایچ ڈی دیوے گوڑا ، مرکزی وزراء سلمان خورشید ، جئے پال ریڈی ، شیخ عبداللہ مرحوم کے علاوہ عالم عرب کے قائدین خطاب کرچکے ہیں ۔ جناب سید وقار الدین نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے دور سے ہندوستان فلسطین کا سب سے بڑا حمایتی رہا ہے ۔
مظلوم فلسطینیوں کے لیے اس نے ہمیشہ یگانگت کا اظہار کیا ۔ تاہم حالیہ عرصہ کے دوران حکومت ہند نے اسرائیل سے متعلق پالیسی کو لچکدار بنایا ہے ۔ فلسطینی عوام پر اسرائیلی افواج کے حملوں ،ان پر جبر و ستم ، ان کی معاشی ناکہ بندی پر افسوس ناک اور قابل مذمت ہے ۔ اسرائیلی سپاہی قبلہ اول کی بے حرمتی کررہے ہیں اور خفیہ طور پر وہ مقامات مقدسہ کی بے حرمتی کا ارتکاب کررہے ہیں جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دلآزاری ہورہی ہے ۔ اسرائیلی افواج کو اس دلآزاری سے باز رکھنے فلسطینی عوام کو ان کا حق دلانے کے لیے انڈو عرب لیگ حیدرآباد حکومت ہند سے مطالبہ کرتی رہی ہے کہ وہ اپنے سفارتی تعلقات کا استعمال کرے ۔ جناب سید وقار الدین نے بتایا کہ مفتی اعظم فلسطین کے علاوہ فلسطینی رکن پارلیمنٹ اور دیگر ممالک کے قائدین فلسطین کے علاوہ دیگر اسلامی ممالک کے حالات سے واقف کروائیں گے ۔ جناب وقار الدین نے بتایا کہ مفتی اعظم فلسطین اور رکن پارلیمنٹ چار روزہ دورہ پر حیدرآباد تشریف لائیں گے ۔ وہ دائرۃ المعارف کا معائنہ کریں گے ۔۔