مدان( انڈونیشیا) ۔28اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) چاقو لہراتے ہوئے ایک شخص نے کیتھولک پادری پر حملہ کردیا اور دھماکو آلہ سے انڈونیشیاء کے ایک چرچ میں دھماکہ کرنے کی کوشش کی ۔ پولیس کے بموجب مذہبی اقلیت پر غالب مسلم آبادی والے ملک میں یہ تازہ ترین حملہ تھا ۔ پادری البرٹ پانڈیانگن جنوبی جزیرہ سماٹرا کے مدان چرچ میں مذہبی اجتماع کی قیادت کررہے تھے جب کہ ایک نوجوان ان کے قریب پہنچا اور ان کے بائیں بازو پر چاقو سے حملہ کیا ۔ مقامی محکمہ سراغ رسانی کے سربراہ نور فلاح نے اس کا انکشاف کیا ۔ حملہ آور کے پاس ایک دیسی ساختہ دھماکو آلہ بھی تھا ۔ قبل ازیں کسی نامعلوم شخص نے پادری کو چرچ کے مذہبی اجتماع میں شرکت کے بہانے ہلاک کرنے کی کوشش کرچکا ہے ۔اس وقت کسی پٹاخہ جیسی شئے سے دھماکہ کیا گیاتھا ‘ اس کی وجہ سے صرف دھواں بھرگیا تھا ۔