جکارتہ ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیاء کے کم از کم 25 شہری بشمول 6 بچے ہلاک ہوگئے اور 13 لاپتہ ہیں جبکہ کشتی غرق ہونے کے دو واقعات پیش آئے۔ عہدیداروں کے بموجب ملک میں لاکھوں افراد عیدالفطر منانے کیلئے اپنے آبائی مقامات پہنچنے سفر کیا کرتے ہیں۔ عید کیلئے ایک ہفتہ تعطیلات ہوتی ہیں اور یہ دنیا کے کثیر مسلم آبادی والے ملک میں سفر کا مصروف موقع بھی ہوتا ہے۔ بیشتر لوگ بڑے شہروں سے خاندان کے ساتھ عید منانے اپنے قصبوں کو جاتے ہیں۔ غرق ہونے والی ایک کشتی میں 48 افراد سوار تھے جو جزیرہ سماٹرا کی ایک دریا میں غرق ہوگئی۔ ایک اور کشتی جس میں 70 افراد سوار تھے انڈونیشیا کے جزیرہ بورنیو کی ایک دریا میں غرق ہوگئی۔ اس حادثہ میں 18 نعشیں برآمد کی جاچکی ہے۔ قومی آفات سماوی محکمہ کے بموجب پولیس کشتی کے عملہ سے تفتیش کررہی ہے۔
یوکرین پر زیادہ سخت تحدیدات کا روس کو انتباہ
واشنگٹن ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کی بڑی طاقتوں کے قائدین نے یوکرین کو غیرمستحکم کرنے کی روس کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگر وہ اس علاقہ میں کشیدگی میں کمی نہ کرے تو اس پر زیادہ سخت تحدیدات عائد کی جاسکتی ہیں۔ کریمیا کے روس سے الحاق کو غیرقانونی قراردیتے ہوئے اس کی بھی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ اسی وجہ سے یہ علاقہ عدم استحکام کا شکار ہوگیا ہے۔ ایسی کارروائیاں ناقابل قبول اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ جی 7 ممالک کی تنظیم نے اس مضمون پر مبنی ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔