جکارتہ۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)انڈونیشیا کے شمال مغربی صوبہ آچے میں آج ایک تیل کے کنویں میں لگی آگ کی وجہ سے کم از کم 15 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 40 دیگر جھلس گئے ۔انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر ریلیف مینجمنٹ ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آگ نہ بجھنے سے ہم ابھی بھی متاثرین کی تعداد کا پتہ لگارہے ہیں۔ جبکہ گردونواح کے مکانوں اور درختوں کی جانب آگ کے شعلے بھڑکتے دکھائی دے رہے ہیں ۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو آگ پر قابو پانے کے لئے کافی مشقت کا سامنا کرنی پڑ رہا ہے ۔ آگ بجھانے کے لئے فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیاں لگی ہوئی ہیں۔ ایجنسی کے مطابق یہ آگ صبح اس وقت لگی جب 250 میٹر گہرا یہ تیل کا کنواں اوپر تک بھر گیا اور مقامی لوگ وہاں سے خام تیل نکالنے کے لئے جمع ہو گئے ۔پولیس کے ذرائع کا خیال ہے کہ اس علاقے میں غیر قانونی طور پر ڈریلنگ کرکے خام تیل نکالا جا رہا ہو گا اور وہاں کھڑے لوگوں میں سے کسی ایک نے سگریٹ جلائی ہوگي جس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔آگ میں جھلسے دس سے زائد افراد بندہ آچے کے ایک دواخانہ میں زیرعلاج ہیں۔