انڈونیشیا میں آتش فشاں پھٹ پڑنے سے 11 افراد ہلاک

کارو ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : انڈونیشیاء کے کوہ سینا بنگ میں حالیہ عرصہ کے سب سے بڑے آتش فشاں پھٹ پڑنے کے واقعہ میں آج کم سے کم 11 افراد ہلاک ہوگئے جن میں چار اسکولی بچے بھی شامل ہیں ۔ آتش فشاں پھٹنے کے بعد دور دور تک راکھ کے بادل دیکھے گئے ۔

مغربی جزیدہ سماترا کی سینا بنگ پہاڑی کے قریب سوکامیریا گاؤں میں آٹھ افراد مردہ پائے گئے ۔ جن میں وہ چار اسکولی بچے بھی ہیں جو تفریحی مقامات اور آتش فشاں دیکھنے کے لیے پہونچے تھے ۔ بعد ازاں دوپہر کے دوران اس گاؤں میں مزید تین نعشیں دستیاب ہوئیں ۔ اے ایف پی رپورٹر کی طرف سے لی گئی تصاویر میں انتہائی عجیب و غریب اور دلخراش مناظر دیکھے گئے ۔ بعض مقامات پر راکھ کے ڈھیر تلے نعشیں پڑی نظر آئیں ۔ مقامی عہدیداروں نے کہا ہے کہ اس پہاڑ سے راکھ کے علاوہ ہلاکت خیز گرم ہوائیں بھی اُٹھ رہی ہیں اور ان علاقوں سے مزید نعشوں کی دستیابی کا اندیشہ ہے ۔