جکارتہ۔27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک انڈونیشیائی شخص جس پر یہ الزام عائد تھا کہ اس نے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ شام میں دولت اسلامیہ میں مبینہ طور پر شمولیت اختیار کرنے کی کوشش کی تھی۔ وہ دراصل وزارت مالیات کا ایک اعلی سطحی عہدیدار تھا جس نے آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کی۔ حکام کے مطابق پانچ نفوس پر مشتمل خاندان جن میں تین بچے بھی شامل ہیں، کو منگل کے روز جزیرہ بالی میں حراست میں لیا گیا۔ انہیں ترکی میں گرفتاری کے بعد دوبارہ انڈونیشیا روانہ کیا گیا تھا کیوں کہ ان پر شام میں داخل ہونے اور مبینہ طور پر دولت اسلامیہ کے جہادیوں کی صف میں شامل ہونے کا شبہ کیا گیا تھا۔ انڈونیشیا کی وزارت مالیات سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ شخص کی شناخت تریونو اوتومو کی حیثیت سے کی گئی جس نے بیچلرس کی ڈگری انڈونیشیاء سے حاصل کی اور بعدازاں مزید تعلیم کے لیے آسٹریلیا روانہ ہوا جہاں اس نے 2009ء میں اڈیلیڈ کی فلنڈوس یونیورسٹی سے ماسٹرس کی ڈگری حاصل کی تھی۔
امریکہ ناٹو کیلئے مصروف عمل :میٹس
واشنگٹن، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)امریکہ کے وزیر دفاع جیمز میٹس نے آج کہا کہ ان کا ملک شمالی بحر اوقیانوس معاہدے کی تنظیم (ناٹو) کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جرمنی کی وزیر دفاع ڈاکٹرارسلا وان ڈیر لیان کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران مسٹر میٹس نے ناٹو کے لئے امریکہ کے عزم پر زور دیا۔ پینٹاگون نے بتایا کہ فرانس کے وزیر دفاع ژاں جین ییوس لی ڈریان کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران مسٹر میٹس نے ناٹو کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ اسرائیل کے وزیر دفاع ایوگدور لبرمین سے مذاکرات میں انھوں نے اسرائیل کی سیکورٹی سے متعلق بڑھتے چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔