بنجارنگارا۔ 14؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ وسطی انڈونیشیاء میں موسلادھار بارش کے دوران چٹان گرپڑنے کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد 32 ہوگئی اور 72 افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔ امدادی ٹیموں کے کارکن کیچڑ اور تباہ شدہ گھروں کے ملبہ سے نعشیں اور زندہ بچ جانے والے افراد کو باہر نکالنے کی مہم میں مصروف ہیں۔ 2000 سے زائد امدادی کارکنوں نے آج بارش کے اختتام اور موسم صاف ہوجانے پر اطمینان کی سانس لیتے ہوئے کام میں تیزی پیدا کی۔ وسطی صوبہ جاوا کے بنجارنگارا میں جمبلونگ گاؤں میں یہ المناک واقعہ پیش آیاجہاں چٹان گرنے کے بعد کئی گھر زمین دوز ہوگئے۔ ایک شخص سبروتو نے کہا کہ پانچ منٹ کے وقفہ میں پانچ چٹانیں گھروں پر گرپڑیں جس کے نتیجہ میں کئی افراد ملبہ میں زندہ دفن ہوگئے۔ آج دوپہر تک ملبہ سے 32 نعشیں نکالی جاچکی تھیں۔ موسلادھار بارش کے سبب کئی پُل اور سڑکیں تباہ ہوئی ہیں۔ انڈونیشیاء کے صدر جوکو ویڈوڈو نے آج اس مقام کا معائنہ کیا۔