جکارتہ ۔ 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیاء کے وسطی علاقہ میں ایک شدید زلزلہ نے 3 شہریوں کو ہلاک اور زائد از 300 مکانات کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔ اس مرحلہ پر آفات سماوی سے نمٹنے والے عہدیدار نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں دو ہفتہ کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ انڈونیشیاء کی میٹرولوجی اور جیوفزکس ایجنسی نے بتایا کہ زلزلہ پیما پر اس کی شدت 4.4 تھی اور اس کا مبدا 4 کیلو میٹرس کی گہرائی میں تھا۔ مرکزی جاوا کے آفات سماوی کے سربراہ ’’سرووپراناما‘‘ نے کہا کہ اس زلزلہ کو کئی مقامات پر محسوس کیا گیا جس میں 2 افراد اور ایک 13 سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا جبکہ ایک عمارت کا ملبہ اس پر گر پڑا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 21 زخمیوں کو دواخانہ میں شریک کیا گیا اور 2100 متاثرہ افراد کو مختلف مقامات پر عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے۔