انڈومان نکوبار میں سیاحتی کشتی غرقاب

پورٹ بلیر ۔ /26 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) جزیرہ انڈومان و نکوبار میں پورٹ بلیر کے قریب ایک کشتی جس میں 45 افراد سوار تھے غرقاب ہوگئی جس کے نتیجہ میں21 افراد ہلاک ہوگئے جن میں اکثریت کا تعلق ٹاملناڈو سے بتایا گیا ہے ۔ مرکزی زیرانتظام اس علاقہ کے انتظامیہ نے بتایا کہ 21 نعشوں کو نکالا جاچکا ہے اور 13 افراد کو زندہ بچالیا گیا ۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو جئے للیتا نے ایک بیان میں کہا کہ 28 افراد ہلاک ہوئے اور ان میں اکثریت کا تعلق ضلع کانچی پورم سے تھا ۔ اس کشتی میں کانچی پورم سے تعلق رکھنے والے جملہ 33 افراد سوار تھے ۔ انڈومان انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ حادثہ تقریباً 4.30 بجے شام پیش آیا ۔ انہوں نے کہا کہ زندہ بچالئے گئے 4 افراد کو جی بی پنت گورنمنٹ ہاسپٹل کے آئی سی یو میں شریک کیا گیا ہے ۔ ساؤتھ انڈومان کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے مطابق خانگی ٹورسٹ سیاحتی کشتی ’اکوامیرین‘ ساحل سے تقریباً 25 کیلو میٹر دور روز جزیرہ کے شمال میں غرقاب ہوگئی ۔ اس کشتی میں 45 افراد بشمول ارکان عملہ سفر کررہے تھے ۔ کانچی پورم ضلع سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کا ایک گروپ پام گرووز ریزارٹ میں قیام کئے ہوئے تھا ۔

جبکہ ایک اور چھوٹا گروپ بھی کشتی میں سوار تھا جس کا تعلق ممبئی سے بتایا گیا ہے ۔ لیفٹننٹ گورنر اے اے کے سنگھ نے واقعہ کی مجسٹریل تحقیقات کا حکم دیا اور مہلوکین کے ورثا کو فی کس ایک لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔ زندہ بچ جانے والوں نے کہا کہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے ۔ ذرائع کے مطابق اس کشتی کی گنجائش صرف 25 مسافرین کی تھی لیکن اس میں زیادہ افراد کو سوار کرلیا گیا تھا ۔ وزیراعظم منموہن سنگھ نے اس سانحہ پر افسوس اور مہلوکین کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم کے دفتر کے مطابق انہوں نے مرکزی ایجنسیوں کو بچاؤ اور راحت کاری کاموں میں مدد کی ہدایت دی۔لیفٹننٹ گورنر نے مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے سے ربط قائم کرتے ہوئے انہیں حادثہ اور بچاؤ و راحت کاری اقدامات کے بارے میں واقف کرایا۔عوام کیلئے ہیلپ لائن نمبرس اور کنٹرول بھی قائم کیا گیا ہے۔