انٹر نتائج میں بے قاعدگیوں کے خلاف بی جے پی کا بند پرامن

عام زندگی پر بند کا کوئی اثر نہیں ہوا ۔ بسیں بھی معمول کے مطابق چلائی گئیں۔ احتیاطی گرفتاریاں
حیدرآباد 2 مئی ( پی ٹی آئی ) انٹرمیڈیٹ امتحانی نتائج میں بے قاعدگیوں کے خلاف اپنے احتجاج میں شدت پیدا کرتے ہوئے بی جے پی نے آج ریاست گیر بند کا اہتمام کیا ۔ اس کے علاوہ ان بے قاعدگیوں کے خلاف ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال چوتھے دن میں داخل ہوگئی ۔ پولیس نے بتایا کہ بی جے پی کا بند پرامن رہا ہے ۔ عہدیداروں کے بموجب اس بند کی وجہ سے عام زندگی متاثر نہیں ہوئی اور بسیں اور دوسری گاڑیاں معمول کے مطابق چلائی گئیں۔ بی جے پی قائدین اور ورکرس نے بند کے دوران کئی مقامات پر مظاہرے بھی کئے ۔ ریاستی بی جے پی صدر ڈاکٹر کے لکشمن کو 29 اپریل کو بھوک ہڑتال کے آغاز کے بعد دواخانہ منتقل کردیا گیا تھا وہ وہاں بھی اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں جو چوتھے دن میں داخل ہو گئی ہے ۔ بی جے پی کارکنوں نے سرکاری آر ٹی سی بس اسٹیشنس اور دوسرے مقامات پر جمع ہوکر ٹی آر ایس کے خلاف نعرہ لگائے ۔ تاہم بند کا آر ٹی سی بس خدمات پر کوئی اثر نہیں ہوا ۔ بی جے پی سے تعلق رکھنے والی طلبا تنظیم اے بی وی پی اور یوتھ ونگ بی جے وائی ایم کے قائدین نے بھی مظاہروں میں حصہ لیا ۔ بی جے پی ایم پی بنڈارو دتاتریہ ‘ پارٹی جنرل سکریٹری مرلیدھر راو اور دوسرے قائدین نے ریاستی سیکریٹریٹ کے باہر مظاہرہ کیا اور وہاں سے پولیس نے انہیں ہٹا دیا ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ بند پوری طرح سے پرامن رہا ۔ پولیس نے کئی احتجاجیوں کو احتیاطی حراست میں لے لیا تھا ۔ کانگریس لیڈر و سابق رکن پارلیمنٹ وی ہنمنت راو اور دوسرے قائدین نے دواخانہ پہونچ کر ڈاکٹر کے لکشمن سے ملاقات کی ۔ بی جے پی کے مطالبات میں ان بے قاعدگیوں پر وزیر تعلیم جگدیش ریڈی کو کابینہ سے علیحدہ کرنا اور انٹرمیڈیٹ بورڈ کے سکریٹری کو معطل کرنے کے علاوہ ان بے قاعدگیوں کی عدالتی تحقیقات کروانا بھی شامل ہے ۔