انٹر نتائج میں بے قاعدگیاں متوفی طلبا کے افراد خاندان سے بی جے پی قائدین کی ملاقاتیں

حیدرآباد 7 مئی ( پی ٹی آئی ) بی جے پی قائدین نے آج ان طلبا کے ارکان خاندان سے ملاقات کی جنہوں نے 18 اپریل کو انٹر میڈیٹ نتائج کے اعلان کے بعد سے اب تک خود کشی کی ہے ۔ ان طلبا نے اپنے نتائج پر مایوسی کے عالم میں خود کشی کی ہے ۔ انٹر نتائج میں مبینہ بے قاعدگیوں اور نقاص کے بعد طلبا ‘ اولیائے طلبا ‘ طلبا تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے ریاست بھر میں احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن اور پارٹی ایم پی بنڈارو دتاتریہ نے علیحدہ طور پر ان طلبا کے افراد خاندان سے ملاقات کی جنہوں نے مبینہ طور پر خود کشی کرلی ہے ۔ لکشمن نے کچھ طلبا کے افراد خاندان سے حیدرآباد میں ملاقات کی جبکہ دتاتریہ نے ورنگل کا دورہ کرکے ایک خاندان سے ملاقات کی ہے ۔ لکشمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ خود کشی نہیں ہے ۔ ہمارا احساس ہے کہ یہ حکومت کی جانب سے قتل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتوں کا مقصد متاثرہ خاندانوں کو پرسہ دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے کوششیں کی جائیں گی مرنے والے طلبا کے لواحقین کی حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ مدد کو بھی یقینی بنایا جائے ۔