ریونت ریڈی کا ای ایس ایل نرسمہن کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 24۔ اپریل (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگزار صدر ریونت ریڈی نے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں بے قاعدگیوں کے مسئلہ پر گورنر ای ایس ایل نرسمہن کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں طلبہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے اسکام کے سبب تشویش میں مبتلا ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ چیف سکریٹری اور متعلقہ دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے احتجاج کرنے والے طلبہ اور سرپرستوں کو انصاف کا بھروسہ دلائیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ نتائج میں بے قاعدگیوں پر حکومت کا رویہ افسوسناک ہے۔ ناانصافیوں کے خلاف حکومت کی خاموشی کے نتیجہ میں کئی طلبہ نے خودکشی کرلی ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے جس کے سبب روزانہ ہزاروں طلبہ اور ان کے سرپرست بورڈ کے دفتر کے روبرو احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں تقریباً 9 لاکھ 70 ہزار طلبہ نے شرکت کی تھی اور 18 اپریل کو نتائج کا اعلان کیا گیا ۔ نتائج کے اعلان کے سلسلہ میں ایک خانگی کمپنی کو ذمہ داری دی گئی جسے امتحانات کے انعقاد اور پرچوں کی جانچ کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتائج میں خامیوں کے بارے میں روزانہ میڈیا میں نئے نئے انکشافات منظر عام پر آرہے ہیں ۔ حکومت اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ شفافیت کے ساتھ امتحانات کے انعقاد میں ناکام ہوچکا ہے ۔ ریونت ریڈی نے اضلاع میں طلبہ کے نتائج کے سلسلہ میں بے قاعدگیوں کی کئی مثالیں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم جگدیش ریڈی نے طلبہ کو انصاف دلانے کے بجائے غیر ذمہ دارانہ بیان جاری کیا اور عہدیداروں کی پشت پناہی کی۔ ریونت ریڈی نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں تاکہ طلبہ کو انصاف ملے اور تعلیمی سال ضائع نہ ہوں۔
گھروں کی سجاوٹ فرنیچر کی مانگ میں 79 فیصد اضافہ
حیدرآباد۔24 اپریل (سیاست نیوز)حیدرآباد میں فرنیچر کی مانگ میں 79 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ زیادہ تر بیڈسیٹس ، صوفہ سیٹس اور ٹی وی یونٹس فروخت ہورہے ہیں ۔ گھروں خاص ڈرائینگ رومس کی سجاوٹ کا رحجان بڑھ گیا ہے ۔