انٹر میڈیٹ IPASE-2015 امتحانات ، قدیم نصاب کا آخری موقع

حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نامپلی حیدرآباد نے تلنگانہ ریاست کے تمام سرکاری ، امدادی ، سوشیل ویلفیر ، ٹرائیبل ویلفیر ، ماڈل اور خانگی غیر امدادی جونیر کالجس کے پرنسپلس کو مطلع کیا کہ IPASE-2015 امتحانات مئی 2015 میں منعقد ہوں گے ۔ جس کے تحت انٹرمیڈیٹ پبلک امتحانات منعقدہ مارچ 2015 کے امیدوار اور سال اول و دوم کے کسی بھی مضمون میں ناکام امیدوار اس امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایسے امیدوار جنہوں نے مارچ 2015 میں منعقدہ انٹر میڈیٹ سال اول و دوم کے امتحانات میں شرکت کی وہ بھی ایمپرومنٹ کے لیے IPASE-2015 امتحانات میں قواعد کے مطابق شرکت کے اہل ہیں ۔ یہی نہیں بلکہ ایسے امیدوار جنہوں نے تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ میں شرکت کے لیے اپنا نام رجسٹر کروا کر کسی وجہ سے مارچ میں منعقدہ انٹر میڈیٹ امتحانات کے لیے فیس داخل نہ کی ہو وہ بھی اس امتحان میں فیس ادا کر کے تحریر کرسکتے ہیں ۔ جب کہ خانگی ( قدیم ) امیدوار جنہوں نے مارچ 2015 کے انٹر امتحانات کے لیے فیس داخل نہ کی ہو وہ بھی امتحان میں شرکت کے اہل ہیں ۔ ایسے امیدوار کو جو سال دوم میں تمام مضامین اور سال اول کے بچے ہوئے مضامین کے تحت IPASE میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو پہلی کوشش کے تحت امتحان کامیاب کرنے والوں کو ’ گریڈ ‘ بھی دیا جائے گا۔ تعلیمی سال 2014-15 کے سال دوم کے ایسے امیدوار جن کے نام کالج انتظامیہ کی جانب سے کسی وجہ سے حذف کردئیے گئے ہوں وہ بھی سال اول رجسٹریشن نمبر کی نقل پیش کرتے ہوئے سال دوم کے امتحانات میں شرکت کرسکتے ہیں تاہم اس کے لیے امیدواروں کا جائزہ لینے کے بعد ہی امتحانات میں شرکت کی اجازت دی جائے گی ۔

آرٹس مضامین کے ایسے امیدوار جو کم حاضری یا پھر فیس کی عدم ادائیگی یا پھر کسی وجہ سے مارچ 2015 کے امتحانات میں شرکت نہ کرسکے وہ بھی 500 روپئے اضافی طور پر ادا کرتے ہوئے IPASE-2015 امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں جب کہ ووکیشنل ( اولڈ ) کے تحت مضامین بچ جانے والے امیدواروں کے لیے IPASE-2015 امتحان منعقد شدنی مئی کے تحت آخری موقع رہے گا۔ جس میں سال اول و دوم دونوں جماعتوں کے امیدوار اہل ہیں تاہم قدیم نصاب کا امتحان آخری رہے گا ۔ مندرجہ بالا زمرہ کے تمام امیدواروں کو چاہئے کہ وہ IPASE-2015 مئی 2015 کے لیے تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے ویب سائٹ پر رجسٹریشن کرواسکتے ہیں تاہم امیدواروں کو چاہئے کہ وہ متعلقہ پرنسپلس / آر آئی او یا پھر ڈاکٹر بی موہن ریڈی ڈپٹی سکریٹری ایگزامس ( VI اور VII ) تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ انٹر میڈیٹ ایجوکیشن حیدرآباد سے راست یا فون نمبر 9848781806 پر ربط کریں ۔ انٹر بورڈ کا ویب سائٹ bietelangana.cgg.gov.in پر مزید تفصیلات ملاحظہ کرسکتے ہیں ۔ جاریہ ماہ ( اپریل ) کے آخری ہفتہ میں فیس کی تواریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔ امیدوار اپنے متعلقہ جونیر کالجس سے بھی رجوع ہو کر امتحانی فیس داخل کرسکتے ہیں ۔۔