انٹر میڈیٹ کے طلبہ کو مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے سنجیدگی سے غور کرنے کا مشورہ

حیدرآباد ۔ 8 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات سی ای ڈی ایم جامعہ عثمانیہ ، نظام کالج حیدرآباد کے زیر اہتمام ایمسیٹ 2015 کی مفت کوچنگ کلاسیس کا افتتاح کرتے ہوئے ڈائرکٹر ، سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انٹر میڈیٹ کے بعد طالب علم کے لیے اپنے مستقبل کو صحیح سمت میں پیش قدمی کرتے ہوئے حاصل کرنا نہایت اہم مرحلہ ہے یہاں طالب علم کو نہایت سنجیدگی اور غور و فکر کے ساتھ مستقبل کے لائحہ عمل کو چننا پڑتا ہے ورنہ طالب علم کی تھوڑی سی بھی لاپرواہی اس کو زمانے سے بہت پیچھے ڈھکیل دیتی ہے اس لیے طلباء کو چاہئے کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ تعلیمی سہولتوں کا صحیح فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے مستقبل کو سنواریں اور ملک کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ادا کریں کیوں کہ ملک کی ترقی میں ڈاکٹرس اور انجینئرس کا بہت اہم حصہ ہوتا ہے ۔

طلباء کے لیے کلاسیس کے علاوہ اعلیٰ معیاری تعلیمی مواد کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ طلباء اس سے استفادہ کرتے ہوئے بہتر رینک حاصل کریں اور معیاری کالجس میں ان کا داخلہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے علاوہ نظام آباد ، ظہیر آباد ، محبوب نگر ، نلگنڈہ ، کرنول ، گنٹور ، کدری اور پروٹور میں بھی یم سیٹ کی مفت کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ 21 اپریل سے آئی سیٹ اور 4 مئی سے ایڈسیٹ کوچنگ کا آغاز ہوگا ۔ سید اسرار احمد پروجیکٹ آفیسر نے کہا کہ مسابقتی امتحانات میں مسلم طلباء کو چاہئے کہ وہ روزگار سے جڑے ہوئے مختلف مسابقتی امتحانات جو کہ حکومت کی جانب سے منعقد کئے جاتے ہیں اس میں مکمل شعور ، خود اعتمادی اور امتحان کی صحیح تیاری کے ساتھ اپنی شرکت کو یقینی بناتے ہوئے ریاستی نظم و نسق میں بہتر عہدہ حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کریں ۔ اس جلسہ کے اختتام پر پروجیکٹ آفیسر ڈاکٹر سی ایم بشیر الدین نے شکریہ ادا کیا ۔۔