حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ امتحانات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ ریاست کے مختلف مقامات پر قائم کردہ 1251 مراکز امتحانات میں جملہ9.73 لاکھ طلباء و طالبات امتحانات لکھ رہے ہیں ۔ جن میں 466448 طلبہ کا تعلق انٹر میڈیٹ سال اول اور 506789 کا تعلق انٹر میڈیٹ سال دوم سے ہے ۔ ان امتحانات کے پہلے دن کئی طلبہ امتحان میں شریک ہونے سے قاصر ہوجاتے اگر سیاست ہیلپ لائن ان کی بروقت مدد نہیں کرتا ۔ سیاست ہیلپ لائن کے سید خالد محی الدین اسد کے مطابق حکومت کی غفلت و لاپرواہی کے نتیجہ میں اقلیتی طلبہ کے لیے پوسٹ میٹرک اسکالر شپس برائے سال 2014 کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا نتیجہ میں کئی کالجس کے انتظامیہ نے انٹر میڈیٹ طلبہ کو ہال ٹکٹس دینے سے انکار کردیا تھا جس سے ان کا کہنا تھا کہ فیس کی ادائیگی تک ہال ٹکٹس جاری نہیں کئے جائیں گے ۔ سیاست ہیلپ لائن نے فوری متعلقہ کالجس سے ربط پیدا کرتے ہوئے واضح کیا کہ فیس کی عدم ادائیگی کے لیے طلبہ یا اولیائے طلبہ ذمہ دار نہیں بلکہ حکومت ذمہ دار ہے ۔ اس طرح کالجس کے انتظامیہ نے طلبہ کے لیے ہال ٹکٹس کی اجرائی عمل میں لائی ۔ ایک ایسے وقت جب کہ انٹر میڈیٹ امتحانات شروع ہوچکے ہیں اور ایس ایس سی کے امتحانات کا بھی آغاز ہونے والا ہے اس کے باجود اسکالر شپس کی تاریخ کے عدم اعلان سے طلباء اور اولیائے طلباء کے ساتھ ساتھ کالجس کے انتظامیہ میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔۔