3.28 لاکھ ناکام امیدواروں کے جوابی بیاضات کی دوبارہ جانچ اور نشانات کی گنتی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( این ایس ایس ) : معتمد تعلیم بی جناردھن ریڈی نے آج کہا کہ انٹر میڈیٹ نتائج کے مسئلہ پر حکومت کو ماہرین کی تین رکنی کمیٹی کی رپورٹ موصول ہوگئی ہے ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کے سوالات پر جواب دیا کہ تین ارکان پر مشتمل ماہرین کی کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کردی ہے ۔ مبینہ خامیوں و نقائص کے انسداد کے لیے کسی ضروری کارروائی سے قبل حکومت اس رپورٹ کا جائزہ لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں بیان کردہ نتائج میں نقائص اور بے قاعدگیوں کا پتہ چلانے کے لیے حکومت نے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی تھی ۔ معتمد تعلیم نے چیف سکریٹری ایس کے جوشی سے ملاقات کرتے ہوئے رپورٹ کی تفصیلات سے واقف کروایا اور مزید اقدامات کے لیے وہ رپورٹ پر تبادلہ خیال کررہے ہیں ۔ جناردھن ریڈی نے کہا کہ کمیٹی نے 10 صفحات پر مشتمل رپورٹ پیش کی ہے ۔ جس کے علاوہ اضافی 46 صفحات متعلقہ ڈیٹا سے متعلق ہیں ۔ حکومت اس کا جائزہ لینے کے بعد کارروائی کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام کلکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ 3.28 ناکام طلبہ کے جوابی بیاضات کی کسی بھی خامی و بے قاعدگی سے پاک تنقیح اور نشانات کی دوبارہ گنتی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد سے 132 مراکز میں انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اس عمل کی صحیح آسان اور اطمینان بخش انداز میں تکمیل کی یقینی بنانے کے لیے حکومت کے دھارنی ویب سائٹ کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے سکریٹری اشوک نے مطلع کیا ہے کہ دوبارہ گنتی ، توثیق و تنقیح کے لیے 12 مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ جن کے منجملہ ہر ایک مرکز پر 70,000 تا 1.5 لاکھ پرچوں کی دوبارہ گنتی کی جائے گی ۔۔